ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شاہد آفریدی کے متعلق نیا تنازعہ: " تصویر بنوانے سے قبل پلے کارڈز کی تحریر غور سے پڑھیں‘

Shahid Afridi, NW Friends of Israel, North West Friends of Israel, City42, Gaza War, Genocide in Gaza, X Post, Shahid Afridi controversy,
کیپشن: تصویر کا کیپشن:  انگلینڈ میں اسرائیل کے حامی گروپ نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل کے مطابق شاہد  آفریدی کے ساتھ  اس تصویر میں این ڈبلیو ایف او آئی کے شریک چیئر رافی بلوم اور ڈپٹی چیئر برنی یاف موجود ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: سابق کرکٹر اور موجودہ  سوشل میڈیا سٹار شاہد آفریدی نے انگلینڈ میں اسرائیل کی حمایت کرنے والے گروپ کے ارکان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئےساتھ تصاویر بنوائیں اور پھر پاکستانی عوام کے ردعمل سے گھبرا کر  اسرائیل کی حمایت کرنے سے مکر گئے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کرکٹ تو عرصہ ہوا چھوڑ دی لیکن اب وہ  ہمیشہ سے ہی متنازعہ خبروں کا موضوع  بنے رہتے ہیں۔ ان کے کچھ ناقدین کا کہنا ہے کہ وہ خبروں میں اِن رہنے کے لئے خود  متنازعہ حرکتیں کرتے ہیں؛ کبھی کرکٹ کے کھیل کو لے کر تو کبھی اپنے متنازع بیانات کو لے کر۔
لیکن اب ان کی جس  تصویر  نے سوشل میڈیا پر  پاکستانی یوزرز میں  ان کے متعلق نئی  بحث چھیڑ دی ہے اس میں وہ برطانیہ میں اسرائیل کی سرگرم حامی تنظیم کے ایک گروپ کے ساتھ  اس گروپ کے پیغام کی تشہیر کا ذریعہ بنے نظر آ رہے ہیں۔
بدھ 19 جون کو شاہد آفریدی کے مداحوں کو اس وقت شدید  حیرت ہوئی جب لندن میں اسرائیل کے حامی گروپ 'نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل'  (این ڈبلیو ایف او آئی) نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شاہد آفریدی کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی۔
  'نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل'نے ایکس پر جو تصویر پوسٹ کی اس  میں شاہد آفریدی نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل کے دو  ایکٹوسٹوں  کے ساتھ  کھڑے نظر آرہے ہیں۔ ان میں سے ایک  ایکٹیوسٹ نے  ہاتھ میں ایک پمفلیٹ پکڑا ہوا ہے جس میں لوگوں کو برطانوی حکومت پر غزہ میں قید اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیےمطالبہ کرنے کے لیے اپیل کی گئی ہے۔

 اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’گذشتہ اتوار  کو پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹر شاہد آفریدی این ڈبلیو ایف او آئی کے تحت مانچسٹر میں منعقد احتجاج میں آئے اور یرغمالیوں کی رہائی کے ہمارے مطالبے کے لیے اپنی حمایت کی۔‘ اسرائیل کے حامی گروپ    'نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل'کی اس پوسٹ میں لکھا گیا ، ’شاہد آفریدی کے ساتھ اس تصویر میں این ڈبلیو ایف او آئی کے شریک چیئرمین رافی بلوم اور ڈپٹی چیئرمین برنی یاف موجود ہیں۔
پوسٹ میں مزید لکھا گیا، ’آپ کی حمایت کا شکریہ، شاہد!‘
19 جون کو  پوسٹ کی  جانے والی اس تصویر کو  جمعرات کی شام تک ایکس پر تقریباً 18 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔


شاہد آفریدی کی "وضاحت"
 ،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES
این ڈبلیو ایف او آئی کی پوسٹ ک سوشل پلیٹ فارم ایکس پر وائرل ہونے کے بعد شاہد آفریدی پر  بہت سے پاکستانی یوزرز نے سخت تنقید کی تو  اس کے بعد شاہد آفریدی نے  ایکس پر اپنے  اکاؤنٹ پر  کہ،  ’براہ کرم اپ لوڈ کی گئی ہر چیز پر یقین نہ کریں۔‘
انھوں نے  'نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل' کی وائرل تصویر  کے متعلق بھدے انداز سے وضاحت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے لکھا،  ’تصور کریں کہ آپ مانچسٹر   کی ایک گلی میں ٹہل رہے ہیں اور کچھ نام نہاد پرستار سیلفی لینے کے لیے آپ کے پاس آتے ہیں اور آپ ان کی بات مان لیتے ہیں۔ چند لمحوں بعد وہ اس کو صیہونیت کی توثیق کی شکل دے کر اپ لوڈ کردیتے ہیں۔‘
شاہد آفریدی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ،  ’فلسطین میں معصوم جانوں کی تکلیف کو دیکھنے سے دل کو صدمہ پہنچاتا ہے۔ لہذا مانچسٹر میں کسی ایسی تنظیم کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر کو میری کسی قسم کی حمایت نہیں سمجھا جا سکتا جہاں انسانی جانیں خطرے میں ہوں۔‘ آفریدی نے کہا،  ’میں پوری دنیا سے تعلق رکھنے والے شائقین کے ساتھ تصویریں کھنچواتا ہوں، اور یہ صورتحال بھی مختلف نہیں تھی۔ میں اس جنگ کے خاتمے کی دعا کرتا ہوں، میں آزادی کی دعا کرتا ہوں۔‘

شاہد آفریدی کی "وضاحت" پر تنقید

شاہد آفریدی کی جانب سے "وضاحت" پر مبنی  پوسٹ ایکس پر پبلش ہونےکے بعد شاہد آفریدی کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ کچھ نے ان کی حمایت میں بھی بات کی۔

ایکس کے ایک یوزر نے شاہد آفریدی کی "وضاحت" پر سخت تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’ ٹہلنا؟ کیا آپ اندھے ہیں کہ ان کے پوسٹروں پر کیا لکھا ہے آپ پڑھ نہیں سکتے؟ آپ جھوٹے ہیں اور اندرون و بیرون ملک ظلم کے حامی ہیں۔‘

مہوش علی نامی صارف نے شاہد آفریدی کی وضاحتی ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’پہلی بات یہ جنگ نہیں بلکہ نسل کشی ہے۔ اور دوسرا یہ کہ اگر یہ محض ایک فین مومنٹ تھا تو اس تنظیم کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے، اس کی شروعات اس تنظیم کی عوامی سطح پر مذمت کر کے اور انھیں ٹیگ کر کے کی جائے۔ اس ضمن میں ایک سادہ ٹویٹ اس سنگین غلطی کا ازالہ کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔ اگلی مرتبہ تصویر بنوانے سے قبل یہ سوچنے کی بجائے کے لوگ آپ کے لیے دیوانے ہیں، پلے کارڈ کی تحریر کو غور سے پڑھیں۔‘

شاہد آفریدی کو نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل پر مقدمہ کرنے کا مشورہ

شاہد آفریدی کی "وضاحت" کے  جواب میں ایک یوزر ڈاکٹر وقاص  نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ خود کو سچا ثابت کرنے کے لئے اسرائیل کی حامی برطانوی تنظیم پر مقدمہ دائر کریں۔ ڈاکٹر وقاص نے کہا،  ’جو  کچھ شاہد آفریدی نے کہا ہے، میں اس پر یقین کرنا چاہتا ہوں کیونکہ کوئی پاکستانی اور مسلمان اس نسل کشی کی حمایت نہیں کر سکتا۔ لیکن زیادہ تر لوگ اس وقت تک یقین نہیں کریں گے جب تک کہ آپ (شاہد آفریدی) اس تنظیم کے خلاف مقدمہ درج نہیں کروائیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ اگر آپ سچ کہہ رہے ہیں تو قانونی مقدمہ دائر کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔‘

  'نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل' کا مؤقف
شاہد آفریدی کے مکر جانے کے بعد  این ڈبلیو ایف او آئی کا  کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے اپنے اور ان کے فون سے تصاویر لی تھیں اور ’وہ جانتے تھے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔‘