سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی،77ہزار پوائنٹس کی حد عبور

20 Jun, 2024 | 02:40 PM

(ویب ڈیسک) عید کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے، 100 انڈیکس 1463 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جس سے نئی تاریخ رقم ہو گئی۔

 رواں کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100 انڈیکس 1463 پوائنٹس اضافے کے بعد 78 ہزار 170 پر پہنچا جو گزشتہ ہفتے آخری کاروباری روز 76 ہزار 706 پر بند ہوا تھا، ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مثبت رجحان جاری ہے اس کی وجہ نئے بجٹ سے آئی ایم ایف کے ساتھ نئے بیل آؤٹ پیکیج ملنے کی امیدیں ہیں۔

 ای ایف جی ہرمیس پاکستان کے سی ای او رضا جعفری کے مطابق عید تعطیلات کے دوران اچھی خبریں دیکھنے کو ملی، جس میں فِچ کی جانب سے افراط زر کے نقطہ نظر اور صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں مجوزہ کمی شامل ہے۔

 واضح رہے کہ 12 جون کو بجٹ پیش کیے جانے کے بعد 14 جون کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 877 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 77 ہزار کی سطح عبور کر گیا تھا۔
 


 

مزیدخبریں