مہر عمران: ملتان کے علاقے بستی ملوک میں مہنگائی نے ایک اور جان لے لی، بجلی کے بل کے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے شہری نے خودکشی کرلی۔
پولیس ذرائع کےمطابق بستی ملوک کے محلہ غوثیہ دنیاپور روڈ نذر محی الدین نامی شہری نے خودکشی کرلی۔ شہری نے خود کو سر میں گولی مار کر جان دے دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بجلی کے بل کی آخری تاریخ کو بھی بل ادا کرنے کے پیسے نہیں تھے۔ بجلی کے بل کی عدم ادائیگی کی وجہ سے دل برداشتہ ہوکر خود کو گولی ماری۔
ریسکیو 1122 نے لاش کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا ہے، جبکہ پولیس موقع پر پہنچ کرکاروائی میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے شہریوں کا جینا مشکل ہوتا جارہا ہے۔