پرویز الٰہی کی رہائی ہائیکورٹ میں زیرِ التوا اپیل سے مشروط

20 Jun, 2023 | 07:14 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں اینٹی کرپشن عدالت نے 6 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

 تحریری فیصلے میں اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی رہائی ہائی کورٹ میں زیرِ التوا اپیل سے مشروط کر دی۔

 عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ ضمانت منظوری کا یہ حکم ہائی کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہوگا، اینٹی کرپشن کو کسی متاثرہ فریق نے شکایت نہیں کی، 300 بھرتیاں ہوئیں جن میں سے 12 بھرتیوں پر مقدمہ کیا گیا۔تحریری فیصلے کے مطابق پرویز الٰہی مختلف اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں، وہ اور رائے ممتاز سے کوئی ریکوری نہیں کرنی، پرویز الٰہی کی عمر 77 سال ہے اور جیل میں نہیں رکھنا چاہیے۔

 عدالت نے کہا کہ پرویز الٰہی اور رائے ممتاز کی ضمانت منظور کرتی ہے، دونوں ملزمان 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائیں۔

 قبل ازیں پرویز الٰہی ضمانت منظور ہونے کے بعد ایک نئی مشکل میں پھنس گئے۔ ایف آئی اے میں ان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

 ان کے خلاف مقدمہ اینٹی منی لانڈرنگ سرکل میں درج ہوا جس میں ان کے صاحبزادے مونس الٰہی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب  پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین کو پھر گرفتار کرلیا گیا۔ ممتاز حسین کو اینٹی کرپشن ٹیم نے گرفتار کیا ہے۔

مزیدخبریں