ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے باوجود معاہدے میں غیر معمولی تاخیر ہورہی ہے مگر چین ایک بار پھر ہمارے ریسکیو کیلئے سامنے آیا ہے اور اس نے حالیہ ہفتوں، مہینوں میں پاکستان کی بے مثال مالی مدد کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے یہ باتیں اسلام آباد میں چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیرکی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں کہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دو عظیم دوست چین اور پاکستان کے لیے یہ اہم موقع ہے، 1200 میگاواٹ کے چشمہ سی فائیو کےمیمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر دستخط کردئیےہیں، منصوبہ بلا تاخیر شروع کیا جائے گا، 4.8 ارب ڈالر کا یہ منصوبہ پیغام ہے کہ چینی سرمایہ کارپاکستان پر اعتماد کرتے ہیں، معاہدے سے پاکستان چین تعلقات کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر شی جن پنگ نے پاک چین دوستی کو آہنی برادرز کی دوستی قراردیا ہے، چین نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کے لیےپرعزم ہے، یہ منصوبہ نواز شریف کے دور میں لگانے کا فیصلہ ہوگیا تھا، پچھلی حکومت نے اس منصوبے کو سردخانے میں ڈال دیا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں پاکستان کی نئی فوجی قیادت کا بھی شکرگزارہوں کہ اس منصوبے میں گہری دلچپسی لی، یہ منصوبہ سول اور ملٹری لیڈرشپ کے ون پیج پر ہونےکا نتیجہ ہے ۔
پاک چین دوستی سے متعلق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کو برے وقت بھی کبھی چھوڑا نہ چھوڑے گا، ماضی میں پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کی کوشش کی گئی، سعودی عرب بھی پاکستان کا دوست ہے، اس نے پاکستان کی بہت مدد کی، پی ٹی آئی حکومت نے چین سے تعلقات خراب کرلئے تھے، پاکستان ان شاءاللہ قائدکا پاکستان ضرور بنے گا۔
آئی ایم ایف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نویں جائزے کیلئے پاکستان نے تمام شرائط پوری کردی ہیں لیکن معاہدے میں غیر معمولی تاخیر ہورہی ہے مگر چین ایک بار پھر ہمارے ریسکیو کیلئے سامنے آیا ہے، سعودی عرب اور قطر تاحال پاکستان کی مدد کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیامیں افراط زر کے باعث قیمتیں بڑھ گئی ہیں اور چشمہ فائیو نیوکلئیر پاور پلانٹ کی تعمیر کا کنٹریکٹ کرنے والی چینی کمپنی نے افراط زر کے باوجود قیمتیں نہیں بڑھائیں، چینی کمپنی نے میری درخواست پر 30ارب روپے کی رعایت دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا چین نے حالیہ ہفتوں، مہینوں میں پاکستان کی بے مثال مالی مدد کی اور اس کے ساتھ چین نے ہمارے قرضوں کی تجدیدکی جو بے مثال لازوال دوستی کا نمونہ ہے، چین ان با اعتماد دوستوں میں سےہے جو پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہا، دوستوں کی مہربانی کوکبھی نہ بھولنا، یہی راستہ ترقی اور خوشحالی کا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا مارگلہ ایونیو میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام آباداورملحقہ علاقوں میں ترقی کے بڑے منصوبے شروع کررہے ہیں، ماضی میں ترقیاتی منصوبوں میں مجرمانہ غفلت کامظاہرہ کیاگیا، 9مئی کو وہ کام ہوا جو سوچابھی نہیں جا سکتا، 9مئی کو ایک سازش اور ملک دشمنی انتہاؤں کو چھو گئی، گزشتہ حکومت نے ملک کی ہر چیز کو زمین بوس کر دیا تھا، لاہور کی بعض سڑکیں آج بھی بغیرمرمت کے بغیرچل رہی ہیں۔