اسپیکر نے گورنر کا آرڈیننس چیلنج کر دیا

20 Jun, 2022 | 03:29 PM

ویب ڈیسک:اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کا اسمبلی سے متعلق آرڈیننس لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا، عدالت نے درخواست کی سماعت آج ہی مقرر کر لی۔

عدالتِ عالیہ میں دائر کی گئی درخواست میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے آرڈیننس کو آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم کرنے کی استدعا کی ہے۔

درخواست گزار اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ گورنر پنجاب نے 14 جون کو اسمبلی سے متعلق آرڈیننس جاری کیا تھا، گورنر نے پنجاب لاز ریپلنگ اینڈ ڈیفیکلٹی آرڈیننس جاری کیا، اس آرڈیننس سے سیکریٹری اسمبلی کے اختیارات محدود کر دیے گئے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس آرڈیننس کے ذریعے اجلاس نوٹیفائی، ڈی نوٹیفائی کرنے کا اختیار سیکریٹری قانون کو دے دیا گیا ہے، گورنر کا جاری کردہ آرڈیننس اختیار رولز آف اسمبلی سے متصادم ہے۔

درخواست گزار اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ گورنر پنجاب کا جاری کردہ آرڈیننس آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

مزیدخبریں