(اکمل سومرو) انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے پروفیسر جنید قادر فیس بک کے مصنوعی ذہانت میں اہم تحقیق کرنے پر ایوارڈ جیت لیا۔
تفصٰیلات کے مطابق فیس بک نے ایشیاء پیسفک کے لیے ایتھکس ان اے آئی ریسرچ اقدام جیتنے والوں کا اعلان کر دیا ہے جن میں پاکستانی اسکالر بھی شامل ہیں۔اس اقدام کا مقصد مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات کے شعبے میں باضابطہ بنیادی تحقیق اور اس کے تصورات کے بارے میں تعاون فراہم کرنا ہے۔ اسےجیتنے والوں میں نو مختلف ممالک کے افراد شامل ہیں جن میں سے ایک پنجاب کی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے پروفیسر جنید قادر بھی شامل ہیں۔
پروجیکٹ کے پرنسپل انویسٹی گیٹر جنید قادر کا کہنا ہے کہ ''ہم اس گرانٹ کے ملنے پر انتہائی خوش ہیں اور اس پروجیکٹ کے آغاز کے لیے پرامید ہیں۔مصنوعی ذہانت سے پائیدار انسانی ترقیاتی اہداف کی سہولت کے لیے بھرپور مواقع ہیں لیکن اس کے غلط استعمال کے بھی بڑے خدشات ہیں۔ اس کام کے ذریعے، ثقافتی طور پر باخبر، سماج دوست مصنوعی ذہانت کے ضابطوں کو پاکستان اور مسلم دنیا کے لئے پیش کیا جائے گا۔
اس حوالے سے شاندار اسلامی قانونی روایت اور اسلامی قانون کے مقاصد پر کام کے ذریعے مصنوعی ذہانت سے متعلقہ دور حاضر کے مسائل کے مطالعہ سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ جنیدقادر لاہور کی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں اپریل 2020 سے پروفیسر ہیں جبکہ وہ جنوری 2019 سے الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے چیئرپرسن کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔