(سعید احمد سعید) بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانےکےمعاملے پرپی آئی اے نے حکومت پاکستان سے اضافی افراد کو واپس لانے کیلئے اجازت مانگ لی، فیصلہ پی آئی اے کے دفاتر پر وطن واپسی کیلئے مسافروں کا بے پناہ دباو کے باعث کیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق خصوصی پروازوں کی ٹکٹیں دفاتر، ایجنٹس یا ویب سائیٹ کے ذریعے منٹوں کے اندر فروخت ہو جاتی تھیں اور زیادہ تر لوگ ٹکٹ حاصل کرنے سے رہ جاتے تھے، اگلے ایک ہفتے کے دوران پی آئی اے نے بہت بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا، اگلے ایک ہفتے کے دوران پی آئی اے سعودی عرب سے 10،000 جبکہ متحدہ عرب امارات سے 15،000 افراد کو وطن واپس لے کر آئے گی، مجموعی طور پر 25،000 مسافر ایک سو سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس آئیں گے۔
اس سلسلے میں ساری خصوصی پروازیں پاکستان سے خالی جائیں گی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نے اتنی تعداد میں پروازیں اس لئے لگائی ہیں تاکہ ٹکٹیں آرام سے سب کو دستیاب ہو سکیں، پی آئی اے کے دفاتر زیادہ تر جگہوں پر لاک ڈاؤن کی مقامی حکومتوں کی ہدایات کے باعث بند ہیں، ٹکٹیں پاکستان میں پی آئی اے کے دفاتر، ویب سائیٹ یا ایجنٹوں سے حاصل کئے جاسکتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ زیادہ تر پاکستانی ان پروازوں کے ذریعے وطن واپس آجائیں گے اور دباؤ کم ہو جائے گا۔