طلباء کی پروموشن کا معاملہ، بورڈ  حکام نے بڑی خوشخبری سنادی

20 Jun, 2020 | 01:37 PM

Shazia Bashir

جنید ریاض: طلباء کی پروموشن کا معاملہ، وزرات قانون کی جانب سے قوانین میں ترامیم کرنے کی ہدایت پر طلباء پریشان، بورڈ  حکام نے صوبہ بھر کے طلباء کو پالیسی کے مطابق اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

تفصیلات کے مطابق وزرات قانون  کی جانب سے تعلیمی بورڈز کو میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کی پرموشن کے معاملہ پر قوانین میں ترامیم کرنے کی ہدایت کی گئی، جس کے بعد طلبا و طالبات میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بورڈ حکام نے صوبہ بھر کے طلباء کو اگلی جماعت میں پرموٹ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے اور  بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ وزرات قانون نے طلباء کو بغیر امتحان پرموٹ کرنے پر سمری واپس بھیجی ہے تو یہ اداروں کا معاملہ ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ وزرات تعلیم، وزارت قانون اوربورڈ خود اس معاملے کو نمٹائیں گے، قوانین میں ترمیم بورڈ نے کرنی ہے طلباء پریشان نہ ہوں ،بورڈ حکام  کے مطابق تمام طلباء پالیسی کےمطابق پرموٹ ہیں، طلباء سوشل میڈیا پر توجہ دے  کر خود کو پریشان نہ کریں۔

یاد رہے کہ میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے امیدواروں کو بغیر امتحان پروموٹ کرنے کی سمری پر اعتراض لگا دیا گیا ہے، وزارت قانون نے اعتراض اٹھایا ہے کہ تعلیمی بورڈ کے ایکٹ میں امیدواروں کو بغیرامتحان پاس کرنے کی کوئی شق موجود نہیں، بچوں کو پاس کرنا ہے تو پہلے بورڈ ایکٹ میں ترمیم کرنا ہوگی۔

 

واضح رہے کہ کوروناوائرس جیسی خطرناک وبا نے تعلیمی سرگرمیوں کو بھی بریک لگادی ہے جس کی وجہ سے سرکاری سکولوں کے سالانہ امتحانات ختم  کر دیئے گئے اور اول تا ہفتم  کے طلبا کو  بغیر امتحان اگلی جماعت میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کیمبرج سکول سسٹم نے بھی  بغیر امتحانات کے طلباء کو  اگلی کلاسوں میں ترقی دینے  کی پالیسی کا اعلان کردیا ہے۔

مزیدخبریں