زوم کا تمام صارفین کیلئے انکرپشن فیچر متعارف کرانے کا اعلان

20 Jun, 2020 | 11:51 AM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک) ویڈیو کانفرنسنگ کیلئے استعمال ہونے والی مشہورایپلی کیشنزوم‘ نے اپنے تمام صارفین کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سپورٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، اس سے پہلے کمپنی نے کہا تھا کہ یہ فیچر صرف پیسے دینے والے صارفین کے لیے ہوگا مگر اب ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی کے سی ای او ایرک یوآن نے اعلان کیا کہ تمام صارفین کے لیے یہ فیچر فراہم کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں اس ویڈیو کانفرنسنگ سروس کو استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، مگر اتنی تیزی سے اضافے کے نتیجے میں متعدد سیکیورٹی مسائل بھی سامنے آئے اور کمپنی کا یہ دعویٰ بے بنیاد ثابت ہوا کہ وہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن فراہم کر رہی ہے۔

اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن ڈیوائسز کو کالز کے دوران محفوظ کنکشنز فراہم کرنے والا فیچر ہے اور زوم نے پہلے فیصلہ کیا تھا کہ اس فیچر کو مفت سروس استعمال کرنے والوں کے لیے متعارف نہیں کرایا جائے گا، کیونکہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کا دروازہ کھلا رکھنا چاہتی ہے مگر اب کمپنی کا اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن ڈیزائن اوپن سورس گٹ حب میں جاری کیا گیا اور ہر ایک کے لیے دستیاب ہے، اس فیچر تک رسائی کے لیے زوم کے تمام صارفین کو اپنے اکاؤنٹ کو ویری فائی کرنے کے لیے تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی جیسے فون نمبر کی تصدیق ایک ٹیکسٹ میسج سے ہوگی۔

زوم کے چیف ایگزیکٹو ایرک یوآن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم اپنے صارفین کا اعتماد جیتیں گے اور انھیں محفوظ ترین پلیٹ فارم فراہم کرنے کی اپنی غیر متزلزل توجہ سے انھیں خوشی پہنچائیں گے۔

واضح رہے کہ 2 جون کو ویڈیو کانفرنسنگ کیلئے استعمال ہونے والی مشہورایپلی کیشن ’ زوم‘ نے صارفین کی معلومات کو مزید محفوظ بنانے کیلئے اپنا نیا اور بہتر ورژن5.0 لانچ کیا تھا۔

مزیدخبریں