(سٹی 42)مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف کی گاڑی کی ٹکر لگنے سے معذور (ن) لیگی کارکن کا پاؤں زخمی ہوگیا، شہباز شریف نے زخمی کارکن کے علاج پر آنے والا تمام خرچہ برداشت کرنیکا اعلان کردیا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ( ن) کے صدرشہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف سے ملنے کوٹ لکھپت جیل پہنچے جہاں ان کے استقبال کیلئے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی،اسی دوران شہبازشریف کی گاڑی سے معذور (ن) لیگی کارکن کی ٹکر ہوئی جس سے لیگی کارکن کا پاؤں شدید زخمی ہوگیا، ذرائع کے مطابق طبی امداد کیلئے لیگی کارکن کو اتفاق ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےاپوزیشن لیڈر شہباز شریف حکومتی اقدام پر برہم ہوئے اور نواز شریف سے ملاقات پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فسطائی سوچ رکھنے والی حکومت کچھ بھی کرلےبجٹ منظور نہیں کرنے دینگے۔
بعدازاں شہباز شریف نے گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والے کارکن کی اتفاق ہسپتال میں عیادت کی، انہوں نے کارکن کے علاج معالجے پر آنے والا تمام خرچہ برداشت کرنے کا اعلان کردیا۔