سعید احمد سعید:پی پی 168 میں الیکشن مہم کا آغاز کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 2013 میں وعدہ کیا تھا کہ دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ ختم کریں گے، آج دیکھیں کراچی میں امن ہے، جبکہ 10 ہزار میگا واٹ بجلی بنائی گئی اور دیگر کئی ترقیاتی کام بھی پایہ تکمیل تک پہنچ گئے ہیں۔
سٹی 42 نیوز کے مطابق شاداب کالونی فیروزپور روڈ پر خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہماری کارکردگی اور ماضی سب کے سامنے ہے، نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی میں کمی اور ریلوے کی حالت بہتر کی، عمران خان نے اسلام آباد کی سڑکیں بند کر کے ہمارے خلاف سازشیں کیں، ٹانگین کھینچیں اور کٹہروں میں بھی کھڑا کیا مگر ہم نے صبر کیا۔
اس خبر کو لازمی پڑھیں:سردار ایاز صادق کی فرمائش کے سامنے خواجہ سعد رفیق نے گھٹنے ٹیک دیئے
سابق وفاقی وزیر سعد رفیق کا کہنا تھا کہ یہ شخص جو تبدیلی کی بات کرتا تھا وہ سب سے بڑا مجرم ہے، جس شاخ پہ بیٹھا اسی کو کاٹا، عمران خان سمجھ جاؤ نہیں تو تمہیں 25 جولائی کو عوام سمجھائیں گے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کو ووٹ دے کر دوبارہ حکومت میں لیکر آئیں، قومی ایجنڈا بنا کر پاکستان کو مزید آگے لے کر جائیں گے۔