ویب ڈیسک : وزیر علیٰ مریم نوازشریف کی جانب سے محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات پر اپنی ٹیم کو سراہا گیا ، ان کا کہنا تھا کہ '''ویری گڈ اینڈ ویل ڈن'''۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے وزراء،کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈآرڈر، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز،ڈی پی اوزسے ویڈیو لنک میٹنگ ہوئی جس میں آئی جی،ہوم سیکرٹری اور دیگر افسران بھی میں شامل تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کی تعریف کی اور عزاداروں کے لئے ”سبیل آن ویل“کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر نیاز کی فراہمی کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے باری باری سب کا نام لیکر شاباش دی اور سراہا۔ مریم نواز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قائد محمد نوازشریف کی جانب سے بھی سب کو مبارکباد اور شاباش پیش کرتی ہوں۔ میری ٹیم نے عمدہ انتظامات کرکے میرا سر فخر سے بلند کیا۔ وزراء نے یوم عاشورہ سے پہلے خود جاکر علماء کرام سے ملاقات کی۔ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کرکے امن و امان کو یقینی بنایا گیا۔ہر مکتبہ فکر کے علماء کرام کو ملاقات کرکے اعتماد میں لیا گیا۔ وزراء، افسران اور پولیس دن رات فیلڈ میں رہی۔ بڑے جلوسوں کی ڈرون کے ذریعے مانیٹرنگ سود مند رہی۔ شیخوپورہ میں واقعہ کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کو بند کیے بغیر سکیورٹی انتظامات بہت بڑی کامیابی ہے۔ پنجاب بھر میں ٹریفک کا انتظام بھی تسلی بخش رہا۔
انہوں نے کہاکہ محر م الحرام کے دوران پولیس اور دیگر اداروں کے درمیان اشتراک کار کا بہترین مظاہر ہ دیکھنے کو ملا۔ سبیلوں پر لمبی لائنوں کے باوجود مثالی نظم وضبط تھا، لوگ صبر سے اپنی باری کا انتظار کررہے تھے۔ محرم کے جلوسوں پر عرق گلاب کا چھڑکاؤ اچھا عمل تھا، جلوس کے خاتمے پر روٹس کی برق رفتاری سے صفائی مستحسن عمل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ تمام اضلاع میں انتظامیہ اورپولیس نے دلچسپی لیکر کام کیا اور چیلنج کو پورا کیا۔محرم کے انتظامات پر اہل تشیع علماء اور اکابرین نے بھرپور شکریہ ادا کیا۔ہر ٹاسک میں کامیابی ٹیم کی کاوشوں کی مرہون منت ہے۔وزراء، کیبنٹ کمیٹی، ہوم سیکرٹری، آئی جی،کمشنرز اور سب نے بھرپور کام کیا۔ پولیس والے خود کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ پولیس کی حفاظت کے لئے تمام تر میسر وسائل فراہم کریں گے۔ کسی سیکورٹی اہلکارکی شہادت کی خبر دل پر بھاری گزرتی ہے۔آنے والے دنوں میں لاء اینڈ آرڈر کی بہتری کے لئے فول پروف انتظامات کریں گے۔ ایران اور عراق جانے والے زائرین کو ممکنہ سہولت فراہم کریں گے۔
سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، چیئرپرسن سی ایم ایلوایشن سیل بریگیڈئیر (ر)بابر علاؤ الدین اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔