شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کیلئے دائر درخواست واپس لے لی گئی

20 Jul, 2024 | 01:17 PM

ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے سابق مشیر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کیلئے درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا اور درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
 جسٹس محمدامجد رفیق نے محمد یاسین کی درخواست پر دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ سابق مشیر کے بھائی غلام یاسین نے اپنے بھائی غلام شبیر کی بازیابی کیلئےعدالت سے رجوع کیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست چالیس دن پہلے10 جون کو دائر کی گئی اور عدالت نے معاملے کو نمٹانے کیلئے ایڈووکیٹ جنرل اور آئی جی سے رپورٹ مانگی، لیکن آج تک رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔

 عدالت نے باورکرایا کہ رپورٹ پیش نہ ہونے پر حکومت کے ذمہ دار کو طلب کرنے کی ضرورت تھی۔ عدالتی فیصلے میں نشاندہی کی گئی کہ درخواستگزار کے وکیل کے مطابق مغوی کے اسلام آباد میں ہونے کی اطلاع ہے اوراسی بنیاد پراسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کیلئے درخواست واپس لینے کی اجازت مانگی۔ عدالت نے درخواست واپس لینے کی اجازت دیکر اسے نمٹا دیا۔

مزیدخبریں