ثمرہ فاطمہ: ملتان روڈ پر چشتیاں کالونی سندر روڈ کی بری طرح ٹوٹی پھوٹی سڑک 2 سال سے انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہے۔
2سال سے مین سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر اب کھنڈر بن چکی ہے۔ اس سڑک پر موٹر سائیکل یا چاند گاڑی پر سفر کرنا ایک مستقل عذاب بن چکا ہے، پیدل گزرنے والوں کے لئے ٹوٹی ہوئی سڑک کے ساتھ اس پر جا بجا کھڑا سیوریج کا پانی الگ مسئلہ ہے۔
سیوریج کے ناقص نظام کے باعث گٹر ابلتے رہتے ہیں اور گٹروں کا پانی بھی سڑک پر جمع رہتا ہے جسے نکالنے کا کوئی انتظام نہیں کیا جاتا۔
علاقہ کے مکین بتاتے ہیں کہ روڈ خستہ حال ہونے سے آئے روز حادثات ہونا معمول بن گیا ہے۔
اس سڑک پر سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی ساری ہیوی ٹریفک چلتی ہے۔ اس سڑک پر گڑھے آج کی نسبت کئی گنا زیادہ تھے، تاجروں نے اپنی مدد آپ کے تحت تیس ٹرک عمارتی ملبہ اور بجری لا کر اس ڑک پر ڈالی تب سے آج تک انتظامیہ نے اس سڑک کی مرمت کے لئے کچھ نہیں کیا۔
ملک افضل کھوکھر اس علاقہ کے ایم این اے ہیں۔ یہ سڑک مین رائے ونڈ روڈ پر جاتی امرا کو بھی جاتی ہے۔
چشتیاں کالونی سندر روڈ پر کاروبار کرنے والے دوکانداروں کا کہنا ہے کہ دو سال سے سڑک کے ساتھ ان کے کاروبار کا بھی برا حال ہے، صبح آتے ہیں، دن بھر دوکانیں کھلی رکھنے کی ڈیوٹی کر کے شام کو خالی ہاتھ واپس چلے جاتے ہیں۔ دوکاندار اس صورتحال سے شدید اضطراب کا شکار ہیں۔
یہاں کے مکینوں کی ھکومت اور انتظامیہ سے التجا ہے کہ اس روڈ کو تعمیر کروایا جائے، عوام شدید پریشانی سے دوچار ہیں جن کا روزگار اور کاروبار ٹوٹی سڑک کی وجہ سے درہم برہم ہو گیا ہے۔ حکومت اور انتظامی اداروں کے افسروں کو چاہئے کہ یہاں کا رخ کرین اور ان لوگوں کے مسائل کو حل کریں۔