مفتاح اسماعیل نے ڈالر مہنگا ہونے کی اصل وجہ بتادی

20 Jul, 2022 | 12:34 PM

 (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو سستا پٹرول اور سستا ڈیزل اسکیم پر کوئی اعتراض نہیں, ڈالر مہنگا ہونے اور روپیہ گرنے کی اصل وجہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی نہیں بلکہ سٹے بازی ہے۔

انہوں نے  نجی ٹی وی کے  پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے اور ملک کے دیوالیہ ہونے کا اب خدشہ نہیں، ہم نے درآمدات کو کافی حد تک کم کر لیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو چکا، ایک دوست ملک سے تیل کی خریداری میں سہولت ملنے لگی ہے جب کہ ایک دوست ملک سسے اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری آ رہی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ مسئلہ اس وقت ڈالر کی طلب اور رسد کا نہیں مسئلہ اس وقت عدم استحکام ، سٹے بازی اور قیاس آرائیوں کا ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کریں اور برآمدات کو بڑھائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پی ٹی آئی کی حکومت میں 4 سال میں 25 ہزار ارب روپے قرض لیا گیا تھا۔تحریک انصاف نے 4 سالوں میں ملک کو بڑا خسارہ دیا۔ عمران خان اپریل میں جو ملک کی حالت چھوڑ کر گئے تھے وہ عوام کو بتانا چاہتے ہیں کیونکہ وہ ملک کو دیوالیہ کی طرف لے کر گئے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عمران خان نے ہر سال 3 ہزار 500 ارب روپے کا خسارہ کیا، عمران خان نے پیٹرول پر سبسڈی دی جس سے ملک کو ماہانہ 120 ارب روپے کا نقصان ہو رہا تھا، اور یہ ایک دن کی غلطی نہیں بلکہ 4 سال کی نااہلی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے 3 سال میں تحریک انصاف نے ہر سال 3 ہزار 500 ارب روپے کا خسارہ کیا۔ پی ٹی آئی کے پونے 4 سال میں 21 ہزار ارب روپے کا قرضہ بڑھ گیا ۔

مزیدخبریں