یورپ میں سورج سوا نیزے پر، مرنے والوں کی تعداد 17 سو سے بڑھ گئی

20 Jul, 2022 | 08:56 AM

ویب ڈیسک: یورپ میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ، اسپین اور پرتگال میں گرمی سے ہلاک افراد کی تعداد 17 سو سے بڑھ گئی۔

تفصیلات کےمطابق فرانس، اسپین اور پرتگال میں ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل کر دئیے گئے ہیں، رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر چلا گیا، اس ریکارڈ گرمی سے 13 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، خود کو گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے جھیلوں اور دریاوں کا رخ کرنے والوں میں سے 5 افراد کے ڈوبنے کی خبر رپورٹ ہوئی ہیں۔

لزبن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنسز کے ایک محقق نے کہا کہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گرمی کی لہروں کی وجہ سے مرنے والے زیادہ تر بزرگ افراد تھے۔

جبکہ سخت گرمی کی وجہ سے درجنوں مقامات پر آگ بھڑک اٹھی ہے، 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک کام کرنیوالی ٹرینیں بھی جواب دے گئی ہیں۔

ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) کے مطابق یورپ میں گرمی کی لہر پہلے ہی عروج پر پہنچ چکی ہے، لیکن درجہ حرارت مزید ایک ہفتے تک اوسط سے اوپر رہ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ یہ ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب دنیا کا اوسط درجہ حرارت صرف ایک سینٹی گریڈ سے زیادہ بڑھ گیا ہے جو دنیا کے کئی حصوں کے صنعتوں کے لگنے سے پہلے دیکھا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کے موسمیاتی سائنس کے ادارے، انٹر گورنمنٹل پینل آن کلائمیٹ چینج کے مطابق دنیا اب 125,000 سالوں میں گرم ترین دور سے گزر رہی ہے۔

مزیدخبریں