بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بیٹھ گیا، 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ

20 Jul, 2021 | 03:00 PM

Sughra Afzal
Read more!

(شاہد ندیم سپرا) لاہور میں ہونیوالی بارش کی وجہ سے لیسکو کا ترسیلی نظام شدید متاثر، کمپنی کے تین سو سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

شہر میں بارش کی وجہ سے لیسکو کے الیون کے وی سسٹم میں ٹرپنگ ہوئی جس کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں پانچ گھنٹے سے زائد تک بجلی کی فراہمی معطل رہی، بارش کی وجہ سے سب سے زیادہ فیڈر ناردرن سرکل میں ٹرپ ہوئے جس کی وجہ سے بادامی باغ، شادباغ، شاہدرہ، گلشن راوی، جیا موسی اور بیگم کوٹ کے علاقوں میں بجلی بند رہی۔

 اسی طرح سینٹرل سرکل میں گرین ٹاؤن، مانگا منڈی، رائیونڈ ، اقبال ٹاؤن، شاہ جمال جبکہ کینٹ اور ڈیفنس میں بھی بجلی کی سپلائی معطل رہی، تاہم شمالی لاہور میں لیسکو کے سسٹم میں سب سے کم خرابیاں پیدا ہوئیں، بارش کی وجہ سے لیسکو کے سٹاف کو کام کرنے میں دشواری کا سامنا رہا، ابتدائی تین گھنٹے کے دوران ایک سو بیس فیڈرز سے بجلی بحال کی گئی جس کے بعد بارش کا سلسلہ تھم جانے پر تمام علاقوں میں ٹیموں نے بجلی بحالی کا کام شروع کیا۔

دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،  جوہرٹاؤن ، پانی والا تالاب میں 56 ملی میٹر ،لکشمی چوک48، سمن آباد ، پنجاب یونیورسٹی 43 ملی میٹر بارش ہو ئی،  فرخ آباد54،چوک ناخدا40،اقبال ٹاؤن27، مغلپورہ 29،جیل روڈ 26،گلبرگ23،تاجپورہ14ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ بارش 68 ملی میٹر نشتر ٹاؤن میں ریکارڈ  کی گئی۔

مزیدخبریں