شہربھرسے(حسنین اولکھ) قربانی کے جانوروں کی خریداری کا فائنل راؤنڈ، مویشی منڈیوں میں رش بڑھ گیا لیکن آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں کے باعث خریداری میں تیزی نہ آ سکی۔
شہریوں کو مناسب قیمت میں بہترین جانور کی تلاش ہے تو بیوپاری بھی بہتر سے بہترین قیمت ملنے کی امید لگائے بیٹھے ہیں،مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کا حتمی مرحلہ شروع ہو گیا, منڈیوں میں چھوٹے بڑے ایک سے بڑھ کر ایک خوبصورت جانور موجود ہیں۔ شہریوں کا رش بھی بڑھ گیا ہے، بلند قیمتوں کے باعث خریداری میں تیزی نہیں آ سکی۔
شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت جانوروں کے ریٹ پچاس فیصد بڑھا دیئے گئے ہیں۔بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کو پالنا جان جوکھوں کا کام ہے۔ ان کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، وہ کم قیمت پر جانور کیسے فروخت کریں،عید میں ایک دن رہ گیا ہے اور مویشی منڈیوں میں ابھی بھی پچاس فیصد جانور کھڑے ہیں,شہری امید کر رہے ہیں کہ ریٹ ٹوٹے تو وہ بھی جانور کی خریداری کریں۔