پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

20 Jul, 2020 | 10:45 PM

Arslan Sheikh

( عمراسلم ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کےوفد کی بلاول ہاؤس میں ملاقات، عیدالاضحی کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ جبکہ جوائنٹ اپوزیشن کوآرڈینیشن کمیٹی بھی بنا دی گئی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے وفد سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال، سردار ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق کے درمیان تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ آل پارٹیز کانفرنس عیدالاضحی کے بعد منعقد ہوگی جبکہ اس حوالے سے جوائنٹ اپوزیشن کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔

اہم سیاسی امور پر گفتگو کے دوران لیگی وفد ٹیلی فون پر صدرمسلم لیگ (ن) میاں شہبازشریف کے ساتھ  رابطے میں رہے اور ان سے رہنمائی حاصل کرتے رہے۔ جوائنٹ اپوزیشن کوآرڈینشن کمیٹی کے لئے مسلم لیگ ن کی جانب سے ممبران کے نام بھی شہبازشریف کی مشاورت سے فائنل ہوئے۔

سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال کہتے ہیں کہ دونوں جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ حکومت سے نجات حاصل کرنا بائیس کروڑ عوام کی ترجمانی ہے۔

احسن اقبال نے نیب قانون کو کالا قانون قرار دیا، وہیں پیپلزپارٹی کے رہنما قمرالزماں کائرہ کا کہنا تھا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ عوام کے سامنے آچکا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف جبکہ مسلم لیگ (ن) کے وفد کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت بارے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔  

مزیدخبریں