سٹی42: شوہر نے امریکی صدر کے عہدہ پر بیٹھنے سے پہلے کرپٹو کرنی لانچ کی اور دنیا کو حیران و پریشان کرنے میں اگر کوئی کسر رہ گئی تھی تو پوہ بیگم نے اپنی الگ کریٹو کرنسی لانچ کر کے پوری کر دی۔ اب ایک وائٹ ہاؤس میں دو کرپٹو کرنسیز کے مالکان رہیں گے جو سرِ دست معلوم نہیں ایک دوسرے سے مل کر اپنی کرنسیز کی مارکیٹنگ کریں گے یا ایک دوسرے کے حریف بن کر اپنی اپنی کرنسی کی مارکیٹنگ کریں گے۔
عدالت سے ڈرٹی جرم میں سزا یافتہ ڈونلڈ ٹرمپ کو آج وائٹ ہاؤس میں صدر کی حیثیت سے قبول کئے جانے سے پہلے اپنی کرپٹوکرنسی متعارف کرانے کو ابھی ایک دن ہی گزرا تھا کہ ان کی اہلیہ بھی ان کے مقابلے میں آگئیں،کل سے امریکا کی خاتون اوّل ہونے والی میلانیا نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کرپٹوکرنسی لانچ کرنے سے متعلق بتایا،آفیشل میلانیا میم" کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ یہ ایک کرپٹو کرنسی ہے جسے سولانا بلاکچین پر بنایا اور ٹریک کیا گیا ہے۔
کوائن مارکیٹ کیپ ویب سائٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی میم کوائن کی کُل مارکیٹ کی قیمت تقریباً 12 ارب ڈالر ہے۔ ٹرمپ کی بیگم میلانیا کی میم کوائن 1.7 بلین ڈالرز کے قریب ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کچھ عرصہ پہلے کرپٹو کرنسی کو ایک فراڈ اور جعل سازی قرار دیتے تھے لیکن وہی بعد مین اتنا بدلے کہ 2024 کی انتخابی مہم کے دوران "ڈیجیٹل اثاثوں" کو بطور عطیہ قبول کرنے والے پہلے صدارتی امیدوار بن گئے تھے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ایک اسٹریٹجک بٹ کوائن کا ذخیرہ بنائیں گے اور مالیاتی ریگولیٹرز کو مقرر کریں گے جو ڈیجیٹل اثاثوں کی طرف زیادہ مثبت موقف اختیار کریں گے،کرپٹو ٹریڈنگ پلیٹ فارم ’’کوائن بیس‘‘ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن مین کامیابی کے بعد بٹ کوائن کی ویلیو ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئی اور اس میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
ٹرمپ ڈالر کی قیمت میں راتوں رات اضافہ
ڈونلڈ ٹرمپ کی کرپٹو کرنسی "ٹرمپ ڈالر" کی لانچ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر مارکیٹ کیپٹلائزیشن کئی ارب ڈالربڑھی اور آج سٹاک مارکیٹس مین چھٹی کے باوجود اس کی ویلیو مزید بڑھنے کا رجحان جاری رہا کیونکہ کرنسی کا مالک دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں مین سے ایک امریکہ کا صدر بننے جا رہا ہے۔
اپنے کاروباری "سوشل پلیٹ فارم" " ٹروتھ سوشل" اور اپنے دوست ایلون مسک کےکاروباری "سوشل پلیٹ فارم" ایکس پر پوسٹ کئے گئے ایک پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کرنسی ٹرمپ ڈالر کے سکے کی نقاب کشائی کی۔
ٹرمپ ڈالر کی آفیشل ویب سائٹ پر جولائی 2024ء میں ایک غصیلے نوجوان کے ٹرمپ کو دور سے گولی مارنے کی کوشش کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’یہ ٹرمپ میم ایک ایسے رہنماء کا جشن مناتا ہے جو پیچھے نہیں ہٹتا، چاہے کوئی بھی رکاوٹ کیوں نہ ہو‘۔
کرپٹو کرنسی مارکیٹ کی اطلاعات کے مطابق ہفتے کی صبح تک "ٹرمپ ڈالر" کیلئے مارکیٹ کیپٹلائزیشن تقریباً 6 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی، نہ تو ٹرمپ اور نہ ہی فائٹ فائٹ ایل ایل سی کا انتظام کرنیوالی کمپنی نے اس بارے میں تفصیلات فراہم کیں کہ انہوں نے میم سکوں کی ابتدائی کھیپ سے کتنا کمایا۔
ٹرمپ ڈالر کوائن کی آفیشل ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ 200 ملین میم سکے جاری کئے گئے ہیں۔ فائٹ فائٹ کا کہنا ہے کہ اگلے 3 سالوں میں مزید 800 ملین سکوں کا اضافہ کیا جائے گا۔
ابتداء میں کرپٹو کرنسی کے مخالف ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024ء کی صدارتی مہم کے دوران اچانک اپنا مؤقف بدل لیا اور اس تصور کے حامی بن گئے۔ انہوں نے اس شعبے کو ضوابط میں نرمی کے ذریعے ترقی دینے کا وعدہ کیا۔