اداکارہ سجل علی اور احد رضا کو دوبارہ ایک ساتھ دیکھ کر مداح حیران رہ گئے

20 Jan, 2025 | 01:30 PM

ویب ڈیسک:   پاکستانی  نامور اداکار احد رضا میر کو ان کی سابقہ اہلیہ و اداکارہ سجل علی کو ایک ساتھ  ایک اسٹیج پر دیکھ کر مداح حیران رہ گئے۔

سجل اور احد پاکستانی شوبز انڈسٹری کی پسندیدہ ترین جوڑی سمجھے جاتے تھے، انہوں نے اپنے مشہور ڈرامے 'یقین کا سفر' میں بہترین آن اسکرین کیمسٹری سے بے پناہ مقبولیت حاصل کی تھی۔ان کے دیگر قابل ذکر ڈراموں میں آنگن، یہ دل میرا اور دھوپ کی دیوار شامل ہیں، دونوں نے مارچ 2020 میں شادی کی لیکن 2022 میں ان کی طلاق کی افواہوں نے اُن کے مداحوں کا دل توڑ کر رکھ دیا تاہم حال ہی میں سجل اور احد کے مداح اُس وقت حیران رہ گئے جب دونوں کو 'ہم ٹی وی' کی 20ویں سالگرہ کی تقریب میں ایک ہی اسٹیج پر ایک ساتھ دیکھ  کر حیران ہوگئے۔

ایک ہی اسٹیج پر دونوں کی بیک وقت موجودگی نے مداحوں کے دل موہ لیے جن کی آنکھیں اپنی پسندیدہ جوڑی کو ساتھ دیکھ کر نم ہوگئیں۔اس دلچسپ اتفاق کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہیں جن پر سجل علی اور احد رضا میر کے مداحوں نے جذباتی ایڈٹس اور پوسٹس بنانا شروع کر دیں۔سجل اور احد کو ایک ساتھ ایک اسٹیج پر دیکھ کر جذباتی مداحوں نے اُس وقت کو یاد کیا جب ان دونوں نے ماضی میں 'فیورٹ آن اسکرین کپل' کا ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے ایک ساتھ اسی اسٹیج پر قدم رکھا تھا۔

کمنٹ سیکشن میں کئی مداح اس بات پر افسردہ نظر آئے کہ ان دونوں نے ایک ساتھ اسٹیج شیئر کرنے کے باوجود ایک دوسرے کی طرف دیکھنا تک گوارا نہ کیا جبکہ بعض لوگوں کا خیال تھا کہ دونوں اداکار اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں اور مداحوں کو بھی ان دونوں کے حوالے سے یہی روش اختیار کرنی چاہیے۔


یاد رہے کہ اداکار احد رضا میر اور سجل کی ازدواجی زندگی کے متعلق بات کی جائے تو سجل اور احد 14مارچ 2020کو ابو ظہبی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور اس جوڑے کو عوام کی جانب سے بے انتہا محبت بھی ملی اور ان کے پرستاروں نے انکے جوڑے کو ’ساحد‘ کا نام دیا تھا جبکہ وہ خود کو ’ساحدین‘ کہتے تھے ۔ لیکن 22جنوری 2022کو سجل علی کی بہن صبور علی کی شادی پر احد رضا میر اور ان کے پورے گھرانے کی عدم موجودگی کی وجہ سے جوڑے کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں جس کے حوالے سے دونوں ہی نے کوئی تصدیق یا تنقید نہیں کی۔

بعدازاں سجل علی نے مارچ 2022 میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا نام ’سجل احد رضا میر‘ کی جگہ ’سجل علی‘ کردیا تھا اور کچھ دنوں بعد احد اور سجل دونوں نے ہی اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک دوسرے کے ہمراہ چند ایک تصاویر کے علاوہ ساری ہٹادی تھیں جس کے بعد صارفین نے اس کو سجل اور احد کی جانب سے علیحدگی کی طرف اشارہ سمجھا اور سوشل میڈیا پر بھی کافی افسوس کا اظہار بھی کیا۔

مزیدخبریں