تیزہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش، برفباری، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

20 Jan, 2025 | 09:49 AM

سٹی42: ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان  ہے، تاہم شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہوائیں /جھکڑچلنے کے ساتھ بارش /برفباری کی توقع ہے۔

  محکمہ موسمیات کے مطابق آج  شہر لاہور میں  موسم زیادہ تر صاف رہے گا تاہم ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔شہر میں ہوا کا نمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ دریں اثنا، لاہور فضائی آلودگی کے حوالے سے پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 275 ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ صحت کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی تبدیلی اور فضائی آلودگی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔
مانسہرہ کے سیاحتی مقامات ناران اور کاغان میں رات سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔ برفباری کی شدت کے باعث ناران میں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے جبکہ کاغان میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برفباری سے نہ صرف سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ سیاحوں کے لیے بھی موسم مزید دلکش ہو گیا ہے تاہم سیاحوں کو برفباری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 اپر دیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ دیر شہر سمیت لواری، ڈوگدرہ، گوالدئی، شہور ٹاپ اور گانشال کے پہاڑوں پر برفباری ہو رہی ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث اپر دیر کے شہری علاقوں میں درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں پارہ منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سیاحتی مقامات پر آج مزید برفباری کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت مزید بڑھنے کی توقع ہے۔ سیاحوں کو برفباری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مناسب سردی سے بچاؤ کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 دوسری جانب  شمالی/شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات، اسلام آباداورخطہ پوٹھوہار میں تیز ہوائیں /جھکڑچلنے کے ساتھ بارش اور پہا ڑوں پر برفباری متوقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان  ہےتاہم پنجاب کے بیشتر اضلاع اور با لا ئی سندھ میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

 پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ بالائی اضلا ع میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے  تاہم راولپنڈی،اٹک،جہلم، چکوال، گجرات ، میانوالی اور خوشاب میں ہلکی بارش جبکہ مری، گلیات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور ،ا وکاڑہ، ساہیوال ، سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور گرد و نواح میں درمیانی سے شدید دھند چھاۓ رہنے کی توقع  ہے۔خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان میں تیز ہوائیں/جھکڑ چلنے کےساتھ درمیا نی سے تیز بارش اوربرفباری کا امکان ہے ۔ اس دوران پشاور، ہری پور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں ، کرک،ہنگو اور کوہاٹ میں بھی تیز ہواوں کےساتھ ہلکی بارش کا امکان  ہے۔

 بلوچستان کے اضلاع    کوئٹہ، مستونگ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، ہرنائی، ژوب اورموسیٰ خیل میں تیز ہوائیں/جھکڑ چلنےکےساتھ درمیانی سے تیز بارش اور برفباری کا امکان ہے۔اس دوران بارکھان، پنجگور، تر بت، جیوانی اور گوادرمیں تیز ہوائیں/جھکڑ چلنےکےساتھ مزید بارش کی توقع  ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان  ہے تاہم سکھر ، شہید بینظیر آباد،شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، خیر پور، ٹنڈوجام اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں درمیا نی سے تیز بارش اوربرفباری کا امکان  ہے۔

مزیدخبریں