ویب ڈیسک: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے سے خطے میں امن بحال ہو گا، جنگ بندی معاہدہ ہماری تاریخی کامیابی کا نتیجہ ہے، یہ مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے پہلا قدم ہے۔
واشنگٹن میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ خوشی ہے یرغمالیوں کی رہائی ہوئی، آنیوالی امریکی انتظامیہ نے تین ماہ سے کم عرصے میں یہ کامیابی حاصل کی، بائیڈن چار سال میں وہ نہ کر سکے جو میرے عہدہ سنبھالنے سے قبل ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس اب حزب اللہ یا حماس کے لئے پیسہ نہیں، مشرق وسطیٰ کیلئے میرے نامزد ایلچی کی وجہ سے غزہ معاہدہ ہوا، جنگ بندی معاہدے سے خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن میں بڑی اکثریت سے کامیابی حاصل کی، ہم ایک بار امریکا کو عظیم بنانے جارہے ہیں، امن وامان بحال کریں گے، تاریخی رفتار اور طاقت کے ساتھ کام کریں گے، امریکا کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنائیں گے، غیر قانونی تارکین وطن کی آمد روک کر سرحد کو محفوظ بنائیں گے۔
نومنتخب امریکی صدر نے کہا کہ پہلی بار تمام 50 ریاستوں نے ری پبلکنز کی حمایت کی، ری پبلکنز نے صدارتی الیکشن میں نوجوان ووٹرز کا اعتماد جیتا، دنیا بھر سے جرائم پیشہ گروہوں کو امریکا بھیج دیا گیا،دیگر ممالک نے اپنے جرائم پیشہ افراد کو امریکا بھیج کر ان سے نجات حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی سرزمین پر موجود تمام جرائم پیشہ تارکین وطن کو نکالیں گے، امریکی تاریخ میں ملک بدری کا سب سے بڑا پروگرام شروع کروں گا، امریکا کی آزاد بارڈر پالیسی کا خاتمہ کریں گے، غیر قانونی تارکین وطن کی آمد روک کر سرحد کو محفوظ بنائیں گے، اپنے شہریوں کی ترجیحات اور ضروریات کو پہلے رکھیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ افغانستان کو اربوں ڈالر کی امداد کے باوجود جوبائیڈن نے جنگی سازو سامان طالبان کے سپرد کر دیا، افغانستان سے امریکی جنگ سازو سامان کو بھی واپس لیا جائے گا، بائیڈن کے تمام ایگزیکٹو آرڈرز منسوخ کردوں گا، امریکا کو درپیش ہر مسئلے کو حل کروں گا، ایلون مسک فیڈرل سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کی نگرانی کریں گے۔
امریکا میں ٹک ٹاک کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک بحال ہو چکا ہے، مجھے ٹک ٹاک پسند ہے،امریکا کو ٹک ٹاک کی نصف ملکیت حاصل کرنی چاہئے، ٹک ٹاک کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کھربوں ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔