(جنید ریاض) لاہور بورڈ نے میٹرک اور انٹر کے امتحانات کو ڈیجیٹلائز کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا، لاہور بورڈ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر بچوں سے31جنوری کو میٹرک کا امتحان لے گا۔
لاہور بورڈ نے تمام سکولوں کے بچوں کو متعلقہ امتحان دینے کی دعوت دے دی ہے, ہر سکول سے دس سے پندرہ بچے شرکت کریں گے، فزکس، کمیسٹری، بیالوجی، انگریزی اور حساب کا پیپر لیا جائے گا, ہر مضمون کا پیپر 20 نمبر کا ہوگا, پیپر لارنس روڈ امتحانی سنٹر میں ہوگا، امتحان تین حصوں معروضی، مختصر اور تفصیلی سوالات پر مشتمل ہوگا۔
امتحان کا دورانیہ 3 گھنٹے رکھا گیا ہے، امیدواروں کو لاہور بورڈ کی جانب سے سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے. بورڈ حکام کے مطابق پائیلٹ پراجیکٹ کے طور پر امتحان لینے کا مقصد کمپیوٹرائزڈ طریقہ سے کی گئی مارکنگ کا جائزہ لینا ہے۔
دوسری جانب پنجاب بھر کے ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں موجود پرائمری حصہ میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا، ہائی سکولوں میں پرائمری سکیشن نظر انداز ہونے کے باعث بچوں کے نتائج ناقص دینے لگے۔
ذرائع کے مطابق ہائی سکولوں کے مذکورہ پرائمری پورشن کے کلاس رومز کی آبزرویشن کی جائے گی، اسسٹنٹ ایجوکیشن افسر ان اساتذہ کو اپنے مرکز کی ٹیچر فورم میٹنگز میں بھی مدعو کریں گے،ٹیچر فورم میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے گا۔