پی ایس ایل7 میں محمد رضوان بمقابلہ سرفراز احمد ہوگا

20 Jan, 2022 | 03:06 PM

نشتر پارک (سٹی42) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہاہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان نے دنیائے کرکٹ کو ان گنت باصلاحیت وکٹ کیپرز دیئے ہیں اور ان میں سے چند پر تو دنیا آج بھی رشک کرتی ہے، وکٹوں کے پیچھے عمدہ گلوز ورک کرنے والے ان کھلاڑیوں نے نہ صرف دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ وہ کھیل کی پہچان بھی بنے ہیں،ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں بھی پاکستان کے دو صف اول کے وکٹ کیپرز اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے.

 وکٹ کیپنگ کے بعد کپتانی کی مشترکہ ذمہ داری کے باعث ان دونوں کا ٹاکرا شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا مرکز ہوگا۔دونوں ٹیمیں اب تک 7 مرتبہ ایونٹ میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں 4 مرتبہ کامیابی کا سہرا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سر سجا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں دونوں ٹیمیں 31 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور 18 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نوجوان ٹیلنٹ کو دنیا بھر کے سامنے لانے کے لیے ایک غیر معمولی پلیٹ فارم ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنا ان  کے لیے ہمیشہ سے ایک خوشگوار تجربہ رہا ہے۔کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سیزنز میں  ملتان سلطانز نے ہمارے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا ہے تاہم پرامید ہیں کہ اس مرتبہ وہ ملتان سلطانز کی پیش قدمی روکنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ انہوں نے ملتان سلطانز کو گزشتہ سال ہی جوائن کیاہے مگروہ  یہاں موجود باصلاحیت اور بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے بھرپور لطف اندوز ہورہے ہیں۔یقیناَ اس ٹیم کی قیادت کرنا آسان نہیں ہے مگر ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی بھرپور رہنمائی سے ان کا کام آسان ہوجاتا ہے۔

 محمد رضوان نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہمیشہ سے ایک مضبوط حریف رہی ہے،  ان کی ٹیم کا اسکواڈ متوازی ہے، جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

مزیدخبریں