فہد علی: شہر میں اے ٹی ایم مشینیں ڈاکوؤں کے نشانہ پر، کیولری گراؤنڈ کے علاقے میں اے ٹی ایم مشین سے رقم نکلواتے شہری کے ساتھ ڈکیتی، ڈاکو شہری سے ایک لاکھ پچیس ہزار روپیہ نقدی اور اڑھائی لاکھ مالیت کا قیمتی موبائل فون لے کر فرار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کیولری گراؤنڈ کے علاقے میں اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکلوانے والے شہری کے ساتھ ڈکیتی کی لرزی خیز واردات ہوئی ہے۔ ڈاکو شہری سے ایک لاکھ پچیس ہزار روپیہ نقدی اور اڑھائی لاکھ مالیت کا قیمتی موبائل فون لے کر فرار ہو گیا۔ ڈاکو نے پہلے شہری کے بٹوے کا صفایا کیا، پھر اسلحہ کی نوک پر اے ٹی ایم سے مزید رقم نکلوائی۔
نقدی اور موبائل فون لے کر ڈاکو موقع سے فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
یاد رہے چند روز قبل نواب ٹاؤن میں بینک سے پچیس لاکھ رقم نکلوا کر آنے والا شہری اپنے دفتر کے سامنے لٹ گیا تھا۔ برقعہ پوش خاتون بھی موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں کے ہمراہ تھی، شہری عاطف رائیونڈ روڈ پر واقع میزان بینک سے رقم نکلوا کر دفتر پہنچا تھا۔ ڈاکو خاتون موٹرسائیکل سے اتر کر اطراف کا جائزہ لیتی رہی، مزاحمت پر اس کے دونوں ساتھی ڈاکو گن پوائنٹ پر شہری پر تشدد بھی کرتے رہے تھے۔