قذافی بٹ: وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا مسئلہ اقتدار سے دوری ہے، مولانا پاس کریں یا برداشت کریں، جتنا مرضی شور مچائیں بریکیں لگائیں یا کٹیں ماریں پی ٹی آئی کی گاڑی ٹریک سے نیچے نہیں اترے گی۔
وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صوبائی وزیر بیت المال سید یاور عباس بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے درد کی وجہ اقتدار سے دوری، حلوے اور مفت مال کا درد ہے، وہ بتائیں کہ لوٹے اور مصلے کے علاوہ انہیں والد سے کیا اثاثے منتقل ہوئے، وہ کون سا الہ دین کا چراغ ہے جس سے وہ کھرب پتی بن گئے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا نیب کو جواب دینے کے بجائے کھیلیں گے نہ کھیلنے دینگے پر کام کررہے ہیں، حکومت کے کان پر اس وقت جوں رینگے گی جب پی ڈی ایم کچھ کرنے کے قابل ہوگی، قوم سننا چاہتی ہے مولانا فضل الرحمن کب اسرائیل اور بھارت نامنظور کا نعرہ لگاتے ہیں، جب ان کے پاس بیچنے والا کوئی سامان ہی نہیں تو ان کی دوکان کیا خاک چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج سے مسلز کی ٹیسٹنگ ہو گئی ہے اگر یہ لانگ مارچ کا نمونہ ہے تو پھر ہمیں کوئی ڈر ہی نہیں، صوبائی وزیر یاورعباس بخاری کا کہنا تھا کہ محکمہ بیت المال اپنے صنعت زار اداروں میں تکنیکی ٹریننگ کا آغاز کرنے جارہا ہے۔
امین بیت المال اعظم ملک نے بتایا کہ بیت المال نے چالیس کروڑ سے زائد فنڈز مستحق لوگوں میں تقسیم کئے، اب نجی ادارے کے تعاون سے گورنر ہائوس میں ایک سو سے زائد اجتماعی شادیاں کرنے جارہے ہیں اور ہسپتالوں میں ویل چئیرز بھی تقسیم کریں گے۔