در نایاب: تبدیلی سرکار لاہور کو تبدیل کرنے کے لئے متحرک، وزیراعلی نے لاہور ڈویلپمنٹ پیکج کی منظوری کے ساتھ ہی پلاننگ فاسٹ ٹریک پر آگیا، لاہور کے مسائل کے حل کے لئے ناگزیر چار میگا پراجیکٹس کے پی سی ون حکومت پنجاب کو ارسال کردئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں تبدیلی سرکار کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھنے والے چاروں میگا پراجیکٹس کے لئے کابینہ کمیٹی برائے فنانس نے فنڈز بھی فوری منظور کئے تھے، وزیراعلی کے احکامات کے بعد ایل ڈی اے نے 13 ارب 89 کروڑ 60 لاکھ کی لاگت کے چار منصوبوں کے پی سی ون حکومت پنجاب کو منظوری کے لئے ارسال کردئے ہیں۔
ایل ڈی اے نے نیسپاک کے ساتھ چاروں پراجیکٹ کے پی سی ون مکمل کئے جو اب پی اینڈ ڈی میں حتمی منظوری کے لئے ارسال کردئے گئے ہیں، شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور کی تعمیر کا پانچ ارب چونتیس کروڑ کا پی سی ون بھجوا دیا گیا ہے، شاہکام چوک فلائی اوور منصوبے کا چار ارب اٹھارہ کروڑ اسی لاکھ مالیت کا پی سی ون بھجوا دیا گیا ہے۔
کریم بلاک انڈر پاس اور فلائی اوور منصوبے کا دو ارب اکاون کروڑ کا پی سی ون ارسال کردیا گیا، گلاب دیوی انڈر پاس اور لاہور برج کی ایڈیشنل لین کا ایک ارب پچاسی کروڑ کا پی سی ون ارسال کردیا گیا ہے، میگا پراجیکٹس کے پی سی ون آئندہ ہونے والی پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں پیش ہوں گے۔