سٹی 42 : چور کی داڑھی میں تنکا اور جرم اپنے نشان چھوڑ جاتا ہے کی ضرب الامثال تو آپ نے سنی ہوگی ۔یہ ضرب الامثال تب سچ ثابت ہوئیں جب سونے کی چین چرانے والا اپنے جوتوں کی وجہ سے پکڑا گیا۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق گولاپلی رام کرشنا نامی یہ شخص 2013ءمیں بے روزگار ہوا، اس کے بعد اس نے ہوٹل بزنس شروع کیا لیکن اس میں بھی خسارہ اٹھایا۔ پھر اپنی بیوی کے بوتیک کے بزنس پر انحصار کرنے لگا لیکن بیوی کے ساتھ جھگڑے کے بعد اس نے خواتین کے گلے سے چین چھیننے کا دھندہ شروع کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق کافی عرصے تک وہ اپنی چالاکی کی وجہ سے پولیس سے بچتا آ رہا تھا تاہم 10جنوری کو ایک واردات میں اس نے ایسی غلطی کر ڈالی کہ دھر لیا گیا۔ اس نے ایک عمر رسیدہ خاتون کے گلے سے چین چھینی اور اپنی موٹرسائیکل پر فرار ہو گیا۔
پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج دیکھی تو اس میں اس آدمی کو دیکھا جس نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔ کچھ دیر بعد اسی سڑک پر واپس ایک آدمی آتا ہے۔ اس کے پاس وہی موٹرسائیکل ہوتی ہے تاہم پہلے کے برعکس اب اس پر نمبرپلیٹ لگی ہوتی ہے۔ اس آدمی نے کپڑے بھی تبدیل کر رکھے ہوتے ہیں۔ صرف اس کے جوتے وہی ہوتے ہیں جو اس چور نے پہن رکھے تھے۔ اس دوسری فوٹیج میں اس آدمی نے ہیلمٹ بھی نہیں پہن رکھا ہوتا جس سے اس کی پہچان ہو گئی اور پولیس نے گرفتار کرکے جب تفتیش کی تو ملزم نے اپنے جرائم کا اعتراف کر لیا۔