اساتذہ کیلئےایک اور خوشخبری

20 Jan, 2021 | 12:17 PM

M .SAJID .KHAN

(جنیدریاض) لاہور کے سرکاری سکولوں میں ترقی پانے والے سینکڑوں اساتذہ کیلئے خوشخبری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سیٹوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے سینکڑوں آسامیاں کو کنورٹ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سرکاری سکولوں میں سیٹوں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے آرٹس کی سینکڑوں آسامیاں کو سائنس میں تبدیل کردیا۔ لاہور کے سرکاری سکولوں میں ترقی پانے والے سینکڑوں اساتذہ کے لئے اچھی خبر ہے، تبدیل ہونے والی آسامیوں میں پی ایس ٹی، ای ایس ٹی اور ایس ایس ٹی کی اسامیاں شامل ہیں۔

 ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی جانب سے مختلف سکولوں میں سائنس کی اسامیوں کی فراہمی سے اساتذہ کی ایڈجسٹمنٹ کا مسئلہ حل ہونے کا امکان ہے،ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے ترقی پانے والے اساتذہ کو متعلقہ سیٹوں پر فوری اپلائی کرنے کی ہدایت کی ہے، مذکورہ اساتذہ ای ٹرانسفر راؤنڈ سیون میں ایڈجسٹمنٹ کرانے سے رہ گئے تھے۔

واضح رہے لاہورسمیت پنجاب بھر کے مختلف سرکاری سکولوں میں سینکڑوں اساتذہ کی بوگس بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے، سکول ایجوکیشن نے گزشتہ برسوں میں کی جانے والی تمام بھرتیوں اور تعیناتیوں کا ریکارڈ مانگ لیا ہے،  محکمہ تعلیم نے سکولوں میں آسامیوں کی تعداد کا تعین کرنے کے لئے سکول ہیڈز سے ویکنسی پوزیشن بھی مانگی ہے، سکولوں میں آسامیوں کی تعداد دستیاب نہ ہونے پر سکول سربراہان سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔

مزیدخبریں