( قذافی بٹ ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان گلے شکوے ناراضگیاں ہوتی رہتی ہیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اور اتحادی بھی حکومت گرانے کے منصوبے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ آٹے کا بحران اگر پیدا ہوا ہے تو اس میں کہیں نہ کہیں کوتاہی ضرور ہوگی۔
جوہر ٹاؤن میں ٹرانس ڈیٹا کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ق لیگ نے وزارت اعلیٰ کی خواہش کا اظہار کیا ہے نہ ہی عثمان بزدار تبدیل ہورہے ہیں۔ جب تک وزیر اعظم اور پنجاب اسمبلی عثمان بزدار کے ساتھ ہے انہیں کوئی خطرہ نہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اتحاد میں ہوتے ہوئے گلے شکوے پیدا ہوجاتے ہیں لیکن کوئی بھی حکومت گرانے کی بات نہیں کررہا۔
گورنر چوہدری سرور کا ملک میں آٹے کے بحران کو تسلیم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کہیں نہ کہیں کوئی غلطی ہوئی جس سے یہ بحران پیدا ہوا۔ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں سمجھنا ہوں گی کیونکہ ایسے بحرانوں سے حکومت کیلئے مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔