شہزاد خان: تبدیلی سرکار مہنگائی کے طوفان کو روکنے میں یکسر ناکام ہوگئی، آٹے کے بعد عوام کیلئے چینی کا بحران پیش خدمت ہے۔ اکبری منڈی اوراوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، اکبری منڈی میں چینی چھہترروپے پچاس پیسے اور اوپن مارکیٹ میں تراسی سے پچاسی روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی۔
تبدیلی سرکار مہنگائی کے سونامی کے آگے بند باندھنے میں ناکام ہوگئی، آٹا بحران کے بعد عوام کیلئے پیش خدمت ہے چینی کا بحران، لاہور میں چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، ضلعی انتظامیہ کی میٹنگز، اجلاس، بھاگ دوڑ سب ناکا ہیں، اکبری منڈی میں چینی کی ہول سیل قیمت دو روپے مزید بڑھکر چھتر روپے پچاس پیسے فی کلوگرام تک پہنچ گئی جبکہ سرکاری ہول سیل قیمت اڑسٹھ روپے متعین ہے۔
اکبری منڈی میں چینی کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات اوپن مارکیٹ میں بھی پہنچ گئے، اوپن مارکیٹ میں چینی مزید پانچ روپے مہنگی ہوکر تراسی سے پچاسی روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی جبکہ پرچون میں نوٹیفائی ریٹ ستر روپے فی کلوگرام ہے۔
مہنگائی کی چکی میں پسنے والی عوام تبدیلی سرکار کو کوسنے لگی، کہتے ہیں تبدیلی سرکار نے تو جیتے جی مار دیا۔ مہنگائی کے سونامی میں بہنے والی عوام نے بزدار سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سرکار اجلاسوں، میٹنگز، اور کمیٹیاں بنانے کی بجائے عملی قدامات کرکے مہنگائی کنٹرول کرے۔