سانحہ ساہیوال، 16 نامعلوم اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج

20 Jan, 2019 | 07:49 PM

Arslan Sheikh

( سٹی 42) سانحہ ساہیوال کی ایف آئی آر تھانہ یوسف والا میں درج کرلی گئی، ایف آئی آر 16 نامعلوم اہلکاروں کے خلاف درج کی گئی۔

سانحہ ساہیوال کی ایف آئی آر سی ڈی ٹی کے 16 اہلکاروں کیخلاف درج کی گئی، ایف آئی آر جاں بحق خلیل کے بھائی جلیل کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ گرفتار اہلکاروں سے چوہنگ ٹریننگ سنٹر میں تفتیش اور بیانات قلمبند ہونگے۔ 

24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود پولیس کی حراست میں ملزم اہلکار اب بھی نامعلوم، ایف آئی آر درج ہونے پر لواحقین نے احتجاج ختم کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے نکلی فیملی بورے والا نہ پہنچ سکی، ساہیوال میں ہی قیامت ٹوٹ پڑی، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ سے میاں بیوی سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ گاڑی میں سوار تین بچے بھی زخمی ہوگئے۔ جنہیں آج بذریعہ ایمبولینس لاہور کے جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی، تینوں بچے خطرے سے باہر ہیں تاہم عمیر ٹانگ میں گولی لگنے کے باعث اور منیبہ گاڑی کے شیشے ٹوٹنے کی وجہ سے زخمی  ہوئی جبکہ 4 سالہ ہادیہ محفوظ ہے جسے گھر بھیج دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں