سٹی42: خیبر پختونخوا کے پی ٹی آئی کے علی امین گنڈاپور نے تسلیم کیا ہےکہ انہوں نے آئی ایم ایف کا ہدف پورا کرنے کے لئے اپنے صوبہ کے ؟خزانے میں موجود پیسہ عوام پر خرچ کرنے کی بجائے سرپلس رکھا ہوا ہے۔ علی امین نے انکشاف کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے پاس خزانے میں 176 ارب روپے سرپلس پڑے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم شہباز اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی سٹوڈنٹس مین لیپ تاپ سکیم کو بھی اپنانے کا یو ٹرن لے لیا۔ پہلے وہ اور ان کی پارٹی لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا مذاق اڑاتے رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا، "خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کا ٹارگٹ حاصل کیا ہے ، باقی کسی دوسرے صوبے نے نہیں کیا۔ پنجاب کو آئی ایم ایف کی طرف سے 300 ارب روپے سرپلس کا ہدف دیا گیا تھا، پنجاب حکومت نے الٹا 146 ارب روپے کا خسارہ کیا۔"
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیپ ٹاپ بانٹنے کی وزیر اعظم شہباز شریف کی قدیمی روایت پر عمل کرتے ہوئے ، کالجوں میں نئے آنے والے بہترین سٹوڈنٹس، بورڈوں کے امتحانات مین بہترین پوزیشن لینے والے سٹوڈنٹس کو لیپ ٹاپ بانٹنے کی سکیم جاری رکھنے کا اعلان کیا تو ان لیپ ٹاپس کی مخالفت کرنے والی پی ٹی آئی بھی یو ٹرن لینے پر مجبور ہو گئی۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٗ علی امین گنڈاپور نے بھی وزیراعلیٰ مریم نواز کی نقل کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں لیپ ٹاپ بانٹنے کا اعلان کر دیا۔
علی امین گنڈاپور نے خیبر پختونخوا کے کچھ سٹوڈنٹس کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ پنجاب کے جتنے فیصد طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں ہم بھی اتنے فیصد طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے یہ اعلان کرنے کے ساتھ کہا، وزیراعلیٰ پنجاب، کے پی حکومت کی طرز پر اپنے شہریوں کو مفت صحت کارڈ دیں۔
علی امین نے دعویٰ کیا، ہم نے پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا ، اب لائف انشورنس دے رہے ہیں۔ پنجاب کی حکومت بھی اپنی پوری آبادی کو یہ سہولیات دے۔ علی امین گنڈاپور نےدعویٰ کیا ، ہم نے مشکل حالات کے باوجود اپنی آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا ہے، پنجاب بھی اپنی آمدن 55 فیصد تک بڑھائے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم 4ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروا رہے ہیں اور ہر بچی کو 2لاکھ روپے دے رہے ہیں۔ چیلنج کرتا ہوں پنجاب کی کارکردگی ہماری ایک فیصد کارکردگی کے برابر بھی نہیں، میں اس پر مناظرے کے لیے تیار ہوں۔