پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی

20 Feb, 2023 | 06:56 PM

Bilal Arshad

 ویب ڈیسک:پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 155 رنز کا ہدف دیا ، افتخار احمد نے ناقابل شکست نصف سنچری جبکہ سرفراز احمد نے ذمہ داری بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، دونوں کے درمیان 74 رنز کی قابل قدر شراکت قائم ہوئی۔

 پاکستان سپر لیگ 8 کے 9ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ڈیو فیکٹر سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا مقابلہ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں جاری ہے، جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سرفراز الیون نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ابتداء سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور پہلی 3 وکٹیں صرف 37 کے اسکور پر گرگئیں، جیسن رائے 14، مارٹن گپٹل 12 اور محمد نواز صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،اس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کیلئے انتہائی قیمتی 74 رنز جوڑے، گلیڈی ایٹرز کے کپتان 30 گیندوں پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔

 افتخار احمد نے اختتامی اوورز میں جارحانہ انداز اختیار کیا اور اوڈین اسمتھ کے ساتھ مل کر 19 گیندوں پر 43 رنز جڑ دیئے، افتخار 34 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 50 جبکہ اوڈین اسمتھ 12 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے،پشاور زلمی کی جانب سے عثمان قادر نے جیمز نیشم اور ارشد اقبال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

  خیال رہے کہ پی ایس ایل ایونٹ میں اب تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2 میچ کھیل چکی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز سے 9 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جبکہ سرفراز الیون نے کراچی کنگز کو 6 رنز سے ہرایا تھا۔

مزیدخبریں