سٹی42: لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے کیس کا چالان پولیس نے عدالت میں جمع کرادیا۔پولیس نے ملزمان کیخلاف چالان انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق چالان 200 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے جس میں 40 گواہان کو شامل کیا گیا ہے، ملزمان عابد اور شفقت کے خلاف کیس کا ٹرائل جیل میں ہوگا۔ چالان کے مطابق عابد ملہی نے خاتون سے لوٹی 1 لاکھ روپے سے زائد کی رقم خرچ کردی، ملزم عابد ملہی جب روپوش تھا اس دوران اس نے ساری رقم خرچ کردی،ملزم عابد ملہی نے خاتون سے لوٹے گئے سونے کے کڑے اور اے ٹی ایم بھی برآمد نہیں کروایا۔
چالان کے مطابق ملزم شفقت عرف بگا نے اقبال جرم کرلیا ہے اوردفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کروا دیا ہے جبکہ ملزم عابد ملہی نے تفتیشی افسر کے روبرو اعتراف جرم کیا اور دفعہ 161 کا بیان ریکارڈ کروایا۔
چالان کے مطابق ملزمان نے بتایا کہ جب خاتون نے انکار کیا تو بچوں کو مارنے کی دھمکی دی، عابد ملہی نے خاتون کو 2 مرتبہ جبکہ شفقت نے 1 مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا،عابد ملہی اور شفقت کا ڈی این اے میچ کرچکا ہے، ملزمان کیخلاف جیل ٹرائل انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ کریں گے۔