گاڑیوں کی چوری ناممکن، جدید سافٹ ویئر تیار

20 Feb, 2021 | 06:26 PM

Arslan Sheikh

علی ساہی: چوری کرکے گاڑی اب شہر سے لے جانا مشکل ہوگا، پولیس نے چند سیکنڈز میں گاڑی کی نشاندہی کرکے الرٹ جاری کرنے والا جدید سافٹ ویئر تیار کرلیا۔ سافٹ ویئر میں 10 ملین ڈرائیونگ لائسنس کا ریکارڈ، 1 لاکھ سے زائد چوری کی گاڑیوں اور 15 لاکھ کریمنلز کا ڈیٹا موجود ہے۔

آئے روز گاڑی چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو روکنے کے لئے پنجاب پولیس نے جدید سافٹ ویئر تیار کرلیا ہے۔ ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ لاہورکے داخلی و خارجی راستوں پر جدید سافٹ ویئر کی مدد سے نصب کیمروں سے نمبر پلیٹس کے ذریعے گاڑی کی تفصیلات پتہ لگ سکیں گی۔

چوری کی گاڑی، جعلی نمبر پلیٹ اور کسی دوسری گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والی گاڑی کا الرٹ فوری طور پر متعلقہ ڈویژنل ایس پی کے کنٹرول روم کو جائے گا۔ شہر میں 50 کے قریب مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں پر پائلٹ پراجیکٹ میں کامیابی کے بعد کیمروں کی تنصیب کردی جائے گی۔

سافٹ ویئر میں پنجاب اور سندھ کی چوری کی گاڑیوں اور ایس پی سی آر او لاہور کا ڈیٹا موجود ہے۔ اس سے قبل سیف سٹی اتھارٹی اور لاہور پولیس کی جانب سے بھی کار چوری روکنے کے کیمرے نصب کئے گئے لیکن خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

مزیدخبریں