(جنید ریاض) صوبائی دارالحکومت لاہور میں اساتذہ کے سنیارٹی نمبرز میں ردوبدل کا انکشاف، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے سنیارٹی نمبر میں درستگی کیلئے اساتذہ کو سات روز کا وقت دیدیا۔
ذرائع کے مطابق اساتذہ کے سنیارٹی نمبروں میں ردوبدل کا انکشاف ہونے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے سنیارٹی نمبر میں غلطیوں کو درست کرنے کیلئے فہرستیں جاری کردیں، پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائرسیکنڈری سکولوں میں تعینات اساتذہ فہرست کا لازمی جائزہ لیں گے۔
ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق اساتذہ سنیارٹی نمبر میں کسی قسم کی غلطی کی صورت میں محکمہ سے رابطہ کریں گے، سنیارٹی نمبر میں غلطی کی درستگی کیلئے اساتذہ کو 7 روز کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے، مذکورہ ڈیڈ لائن کے بعد سنیارٹی میں غلطی ناقابل قبول ہوگی، ایجوکیشن اتھارٹی نے سنیارٹی نمبرز میں درستگی کیلئے سکول سربراہان کو بھی مراسلہ جاری کردیا۔
علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سینکڑوں اساتذہ کو مستقل کرنے کا اعلان کردیا، 3 سالہ کنٹریکٹ مکمل کرنے والے اساتذہ مستقلی کیلئے اتھارٹی آفس میں 28 فروری تک دستاویزات جمع کروائیں گے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلمنٹری نے پرائمری، مڈل اور ہائی سکولوں کو اس حوالے سے مراسلہ بھی جاری کردیا،ڈی ای او کے مطابق اساتذہ کو تین سالہ کنٹریکٹ مکمل کرنے پر مستقل کیا جائے گا۔