نشتر پارک (حافظ شہباز علی) کوویڈ 19 کی عالمی وباء کے باوجود ڈومیسٹک سیزن 21ـ2020 میں 235 میچز کے کامیاب انعقاد کے بعد اب وقت ہے ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا جو کہ آج سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگئی۔
ترکی میں ریکارڈ کی گئی افتتاحی تقریب میں عاطف اسلم، آئمہ بیگ سمیت دیگر ستاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان سپرلیگ 2021 میں مجموعی طورپر34 میچز کھیلے جائیں گے۔ سیزن 6 کا پہلا مرحلہ 7 مارچ تک کراچی میں جبکہ دوسرا مرحلہ 10 مارچ سے لاہورمیں شروع ہوگا۔
ایونٹ کی 4 بہترین ٹیمیں پلے آف مرحلے کے لیےکوالیفائی کریں گی۔ اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 6 کے میچزکراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے، پی ایس ایل کی کامیابی کی اصل وجہ کرکٹ شائقین ہیں۔
ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ اس ایڈیشن میں فینز کو محفوظ اور پرجوش کرکٹ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، جہاں 6 ٹیمیں ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی اور 80 ملین روپے کے حصول کیلئے مدمقابل ہوں گی، ایونٹ میں کْل 112 ملین روپے کی رقم تقسیم کی جائے گی، سٹیڈیم کی حدود میں کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل درآمد ہر صورت ممکن بنایا جا ئے گا، اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے کھیل کو دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ محدود تعداد میں اسٹینڈز میں موجود ہونگے۔
سیزن 6 کے انعقاد کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتطامات کیے گئے اور 5 ہزار سے زائد اہلکار اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات ہیں، تماشائیوں کو میچ سے تین گھنٹے پہلے اسٹیڈیم آنے کی اجازت ہو گی۔
پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے لیے کمنٹیٹرز کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔، پی ایس ایل کی کمنٹری پینل میں ایلن ولکنز،بازید خان،ڈینی موریسن اور جے پی ڈومنی شامل ہیں، ان کے علاوہ ڈومنک کارک، ڈیوڈگاور، سائمن ڈول، پومی بانگوا ثنا میر،عروج ممتاز، رمیز راجہ، سکندربخت اور زینب عباس بھی پینل کاحصہ ہیں۔