صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن اور نجی یونیورسٹیز کے مابین مذاکرات کامیاب

20 Feb, 2020 | 11:40 PM

Arslan Sheikh

( علی اکبر ) صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور نجی یونیورسٹیوں کی ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب، صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ معیاری تعلیم پر کوئی سمجوتہ نہیں کیا جائے گا، نجی یونیورسٹیوں کے مسائل جلد حل کر دیے جائیں گے۔   

صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سے ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان کی قیادت میں نجی یونیورسٹیوں کی ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر میاں عمران مسعود، اویس رؤف اور میجر جنرل (ر)عبید بن زکریا اور دیگر بھی شریک تھے۔

ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز کا کردار قابل تعریف ہے۔ ان کے تمام جائز مطالبات منظور کرنے کے لئے فریقین کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ایسا قانون نہیں لارہے جس سے نجی شعبہ کی تذلیل ہو۔

انہوں نے کہا کہ سب کیمپس اور نئے ڈگری پروگرامز شروع کرنے کی جو فائلیں میرٹ پر ہیں ایک ہفتے میں کلئیر کردینگے۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں کپسٹی کا بھی ایشو ہے جس کو بہتر کررہے ہیں۔

 ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ ایجوکیشن کو ترجیحات میں شامل کیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، امریکہ برطانیہ میں بھی بہترین جامعات نجی شعبہ کی ہیں۔ خطے کے دیگر ممالک کے نسبت پاکستان میں اعلی تعلیم کے اداروں میں طلبہ کی انرولمنٹ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں سپورٹ کیا جائے توانرولمنٹ میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملکی جامعات کو کچھ ہی عرصے میں دنیا کی بہترین جامعات میں شامل کرسکتے ہیں۔ چوہدری عبدالرحمان نے یقین دہانی کرائی کہ نجی سیکٹر کوالٹی ہائر ایجوکیشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

مزیدخبریں