(رضوان نقوی) سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں میں بچوں کی بھاری فیسیں ادا کرنیوالے کروڑ پتی لاہوریئے ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے، ایف بی آر نے پانچ لاکھ سے تیس لاکھ روپے تک سالانہ فیسیں ادا کرنیوالےغیر رجسٹرڈ 4900لاہوری والدین کا سراغ لگالیا۔
شہر کے مہنگےتعلیمی اداروں میں بچوں کی بھاری بھر کم فیسیں ادا کرنیوالے لاہوریوں کا ذریعہ آمدن کیا ہے، ایف بی آر نے کھوج لگانے کیلئے کارروائی شروع کردی، ایف بی آر نے ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہونیوالےکروڑ پتی لاہوریوں کے نام، قومی شناختی کارڈز اور گھروں کے ایڈریس حاصل کرلیے۔
ذرائع کےمطابق ڈی جی سپیشل انیشیئیٹو آمنہ حسن نے 5 سے 30 لاکھ روپے سالانہ فیس ادا کرنیوالے 4 ہزار نو سو غیر رجسٹرڈ لاہوری والدین کا ریکارڈ مرتب کر کے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کو بھجوایا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ٹیکس نیٹ میں موجود ہونے کے باوجود فیسوں کی ادائیگی زیادہ جبکہ آمدن کم ظاہر کرنیوالوں کا بھی ریکارڈ مرتب کیا گیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہےکہ غیر رجسٹرڈ والدین کو نوٹس جاری کر کے پانچ سال کے گوشوارے، اثاثہ جات اور ذرائع آمدن کی تفصیلات طلب کی جائیں گی، ٹیکس نیٹ میں شامل ہوئے بغیر فیسوں کی مد میں لاکھوں روپے کی ادائیگی کرنیوالے والدین کو بھاری بھر کم جرمانے عائد کر کے ٹیکس وصولی کی جائے گی۔