(سعود بٹ) اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے حوالے سے محکمہ بورڈ آف ریونیو کا گریڈ 1 سے 16 کی آسامیوں پر بڑا اقدام، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے اپنے پاس موجود 10 بڑے اختیارات ڈپٹی کمشنر اور سیکرٹری ریونیو کے سپرد کر دیئے۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے فل بورڈ میٹنگ میں طے پانیوالے اہم فیصلے منظر عام پر آگئے، تفصیلات کے مطابق تحصیلوں میں تحصیل داروں کی ٹرانسفر کا اختیار متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے پاس ہوگا، وفات پا جانیوالے سرکاری ملازمین کے لواحقین کی مالی معاونت اور ملازمت کی فراہمی متعلقہ اتھارٹی کے سپرد کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی وزارت ریونیو کے ملازمین کیلئے گرانٹس اور ملازمت کی فراہمی سیکرٹری ریونیو کے جبکہ حج اور عمرہ کیلئے بیرون ملک چھٹی کا اختیار ڈی سی اور سیکرٹری کے سپرد ہوگا، پاسپورٹ بنوانے کیلئے این او سی، زچگی چھٹی، سالانہ چھٹیاں اور چھٹیوں کا بجٹ متعلقہ اختیارات ڈی سی اور سیکرٹری کے سپرد کیے گئے، تنخواہوں کی منظوری اور سنیارٹی لسٹوں کی فراہمی سیکرٹری ریونیو کی ذمے داری ہوگی۔