صدر پی ایم ایس ایسوسی ایشن کا وزیراعظم پاکستان کو خط

20 Feb, 2020 | 12:55 PM

Shazia Bashir

ریحان گل:  پنجاب میں پی ایم ایس اور پی اے ایس کے مابین تنازعہ پھر کھڑا ہو گیا ہے۔ صدر پی ایم ایس ایسوسی ایشن نے وزیراعظم پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔ خط میں پی اے ایس پر صوبائی سیٹوں پر غیر قانونی قابض ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایم ایس ایسوسی ایشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں سول سروس ریفارمز پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ خط کے مطابق پی اے ایس افسران پنجاب میں 715سیٹوں پر غیر قانونی قابض ہیں۔ لیکن پی اے ایس افسران نے پی ایم ایس افسران کو وفاق میں کوئی سیٹ نہیں دی۔

خط کے متن کے مطابق پی اے ایس افسران وفاق کے ملازم ہونے کے باعث وزیراعلی بھی ان کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتے۔ پی اے ایس افسران پر پنجاب میں پوچھ گچھ نہ ہونے کے باعث گورننس متاثر ہو رہی ہے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی اے ایس جونئیر افسران غیر قانونی طور پر سینئر عہدوں پر تعینات کیے جاتے ہیں۔

وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر احکامات جاری کیے اور جیسا کہ صوبوں میں 1/1فارمولے کے تحت افسران تعینات کیے جاتے ہیں اسی فارمولا کے تحت تعیناتیاں یقینی بنائی جائیں۔
پی ایم ایس ایسوسی ایشن نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اس معاملہ پر بریفنگ کے لیے ملاقات کا وقت بھی مانگ لیا۔

مزیدخبریں