احمد منصور:چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نےپاکستان نیوی انجینئرنگ کالج میں منعقد 36ویں کانووکیشن میں کامیاب ہونے والے 33 طلبا میں میڈلز تقسیم کیے۔ تقریب میں مجموعی طور پر 372 طلباء کو پوسٹ گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ ڈگریاں تفویض کی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیوی چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج نے مسلسل تحقیق اور ترقی کے مضبوط کلچر کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے فارغ التحصیل طلباء کو نصیحت کی کہ وہ مضبوط کردار کو برقرار رکھیں، ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دیں اور اللہ تعالی سے ہمیشہ رہنمائی اور طاقت حاصل کریں۔انہوں نے مزید کہا پوسٹ گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ شعبہ جات میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا سائنسز اور کمپیوٹر سائنس ڈسپلنز کا فروغ قابل تحسین ہے۔
انہوں نے میڈلسٹ،گریجویٹ ہونے والے طلباء اور ان کے والدین کو مبارکباد بھی پیش کی۔ تقریب میں دوست ممالک کے اور ملکی سول و ملٹری اعلی افسران اور طلباء کے والدین نے شرکت کی۔