(ویب ڈیسک)پام آئل کی درآمدی لاگت میں کمی کے رجحان کے باوجود برانڈڈ گھی اور کوکنگ پروڈکٹ مینوفیکچررز نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
ریٹیلر کے مطابق برانڈڈ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت 80 روپے فی کلو اضافے سے 570 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے، کچھ بڑے برانڈز کی قیمتوں میں یہ اضافہ 100 روپے فی کلو گرام تک ہے۔
چیئرمین پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) شیخ عمر ریحان نے قیمتوں میں فرق کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پام آئل کی قیمتیں جو عالمی مارکیٹ میں بڑھ کر ایک ہزار 285 ڈالر فی ٹن ہوگئی تھیں وہ بعد میں ایک ہزار 185 ڈالر تک آگئیں جس سے اوپن مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت 19 ہزار روپے سے کم ہو کر 16 ہزار 500 روپے فی من رہ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں گھی اور کوکنگ آئل کی جو قیمتیں 80 روپے بڑھی تھیں، ان میں 40 روپے کی کمی دیکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ برانڈڈ آئٹمز (بالخصوص ٹی وی ایڈورٹائزنگ برانڈز) جن کا مارکیٹ شیئر 5 فیصد ہے، عام طور پر اپنی پرنٹنگ، ڈسٹری بیوشن اور مارکیٹنگ نیٹ ورکس کی وجہ سے قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کو ایڈجسٹ کرنے میں وقت لیتے ہیں، برانڈڈ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں بھی آہستہ آہستہ کم ہوں گی۔