ویب ڈیسک : مدارس رجسٹریشن بل کے معاملے وزیراعظم شہباز شریف سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی وفد کے ہمرا وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی ۔
ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کی مدارس رجسٹریشن کی تجاویزپرمثبت پیشرفت ہوئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کی، کہا کہ وزارت قانون معاملہ حل کرنے کیلئے آئین وقانون کے مطابق اقدامات کرے۔
ملاقات میں عبدالغفورحیدری،کامران مرتضیٰ، راجہ پرویزاشرف، قمرزمان کائرہ، اسپیکر ایازصادق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ، وزیراطلاعات عطا تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ اور اٹارنی جنرل منصورعثمان شریک ہوئے۔
مولانافضل الرحمان کی میڈیا سے گفتگو
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانافضل الرحمان نے کہا کہ مدارس سے متعلق بل پروزیراعظم نے بات چیت کیلئے ملاقات کی دعوت دی اور ہم نے اپنا مؤقف ملاقات میں دہرایا۔ ہم نے واضح کیا دونوں ایوانوں سے بل منظور ہونے کے بعد ایکٹ بن چکاہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے مؤقف کا انتہائی مثبت جواب دیا گیا اور وزیراعظم نے وزارت قانون کو فوری ہدایات کیں کہ قانون و آئین کے مطابق عملی اقدامات کریں، اس کے بعد امید ہے آئین و قانون کےمطابق عملی اقدامات ہمارےمطالبات کے مطابق ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اچھی نیت سے بات کی، امید ہے معاملہ حل ہوجائے گا، شاید اس معاملے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی ضرورت نہ پڑے، ہماری سب باتوں کا جواب مثبت آیا ہے۔