ویب ڈیسک:لاہور سمیت ملک کے دیگر حصوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
شہر میں5کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصدریکارڈ گیا،آئندہ آنیوالےہفتےمیں موسم سرداورخشک رہےگا البتہ27دسمبر کو 40 فیصد بارش کے امکانات موجود ہیں۔
دوسری جانب ملک کے دیگر علاقوں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ لیہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح سکردو میں درجہ حرارت منفی 9، زیارت میں منفی 8، کوئٹہ، گلگت بلتستان میں منفی 7، ستور اور دالبندین میں منفی 6 تک گر گیا۔
ادھر ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج بھی برقرار ہے جس کے باعث موٹر ویز متعدد مقامات سے بند کر دی گئی۔
موٹروے ایم ون برہان انٹرچینج سے پشاور تک بند کی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے خانقاہ ڈوگراں تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 3 پر فیض پور سے رجانہ تک ٹریفک بند ہے، ایم 11 محمود بوٹی سے سمبڑیال تک دھند کے باعث بند کر دی گئی اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔