(مانیٹرنگ ڈیسک) لسبیلہ میں سلنڈر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق آج علی الصبح لسبیلہ کے شہر بیلہ میں چونگی منی بس اسٹاپ پر دکان میں سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں موقع پر ہی 14 افراد دم توڑ گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے اطراف کی 7 دکانیں، ہوٹل تباہ ہوگئے جب کہ وہاں کھڑی 25 موٹر سائیکلیں جل گئیں۔ دھماکے کے بعد وہاں زخمیوں کی چیخ وپکار شروع ہوگئی۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کردیں، سلنڈر دھماکے کے زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے کراچی کے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر روبینہ بشیر نے کہا ہے اسپتال لائے جانے والے زیادہ تر زخمی 70 سے 90 فیصد تک جھلسے ہوئے ہیں۔
پارلیمانی سیکریٹری صحت سندھ قاسم سومرو کا کہنا ہے کہ سلنڈر دھماکے کے واقعے کے 26 زخمیوں کو سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔ مرنے والوں کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی سول اسپتال کے برنس وارڈ کا دورہ کیا ہے۔