ویب ڈیسک: آسٹریلیا میں طیارے کا انجن فیل ہونے کے باعث سمندر میں جاگرا، حادثے میں 2 بچوں سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے، کوسٹ گارڈ اور پولیس کےعملہ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔
آسٹریلیا کی ریاست کوئینسلینڈ کے شہر ریڈ کلف ایئرپورٹ سے ایک چھوٹے طیارے نے آج صبح 9بجے ٹیک آف کیا، ابھی تک کی ملنے والی اطلاعات کے مطابق ٹیک آف کرنے کے چند منٹ بعد طیارے کا انجن فیل ہو گیا، 69 سالہ تجربہ کار پائلٹ نے طیارے کو واپس ایئر پورٹ پر موڑنے کی کوشش کی مگر بدقسمت طیارہ سمندر میں گر گیا، اس افسوسناک حادثے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔
ریڈکلف ہوائی اڈے پر متعدد ایمبولینسیز پہنچا دی گئی ہیں جبکہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے ایک ملٹی ایجنسی آپریشن جاری ہے، جس میں کوئنز لینڈ واٹر پولیس افسران اور غوطہ خور، فرانزک کریش یونٹ اور آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو شامل ہیں۔